حرم میں ختم القران
تحریر: میاں وقارالاسلام
کل مکہ میں ماہ رمضان کی 29 ویں رات بھی تھی اور الواعی جمعہ مبارک بھی تھا اور اس کے ساتھ ہی ختم القران بھی تھا جس کے بعد خصوصی دعا کروائی گئی۔ خشک موسم تھا مگر آسمان میں بادلوں کی آمد بھی تھی۔
حرم میں روئے زمین پر یقینا مسلمانوں سب سے بڑی اور مقدس دعایا تقریب جاری تھی، لاکھوں لوگ کانپتے ہاتھوں، بھیگی آنکھوں، سسکیوں اور ہچکیوں سے اپنے رب کو راضی کرنے کوشش کر رہے تھے، ظاہر ہے میری کیفیت بھی ان سے الگ نہیں تھی، پہلی مرتبہ اتنے قریب سے اس طرح کا منظر دیکھنے کو ملا تھا، اسے یقینا لفظوں کا روپ نہیں دیا جا سکتا مگر مجھے بار بار قران کی دو آیات نظر آ رہیں تھیں۔
اول یہ کہ اللہ قران میں فرماتا ہے کہ جنت میں انسان کوئی لغو بات نہیں سنیں گے اور ان کا آپس میں کلام ہو گا اسلام و علیکم!
حرم میں لاکھوں لوگ موجود تھے مختلف رنگ و نسل کے اور ظاہری طور پر سب کا کلچر بھی جدا جدا تھا اور انداز بھی الگ الگ تھے سب کا آپس میں زیادہ تر کلام بھی اسلام و علیکم تھا اور یقینا کوئی آپس میں لغو بات بھی نہیں کر رہا تھا۔ یہ ایک ایسا روح پرور منظر تھا جو کم ہی دیکھنے کو ملتا ہے۔ اور جنت کے اس خوبصورت نظارے کی منظر کشی کرتا ہوا نظر آتا ہے جس کا ذکر اللہ نے قران پاک میں کیا ہے۔ یقینا اللہ قادر ہے جیسے چاہتا ہے کرتا ہے۔ جو چاہتا ہے دیکھاتا ہے۔
ایک اور آیت کا مفہوم ہے کہ روئے زمین پر تمام لوگوں کی آنکھیں مل کر بھی تمہارے رب کا تدارک یا احاطہ نہیں کر سکتیں میں تمہار رب ہر آنکھ کا تدارک یا احاطہ کر سکتا ہے۔
حرم میں لاکھوں آنکھوں عشق الہی میں ڈوبی اپنے رب کی نظر کرم کی منتظر تھیں یقینا ہم اپنی آنکھ سے اپنے رب کو دیکھ تو نہیں سکتے مگر اپنی کیفیت کو بیان کرنے کی کوشش کر رہے ہوتے ہیں۔ اللہ فرماتا ہے کہ وہ دیکھتا ہے سنتا ہے یقینا اس نے تمام آنکھوں کا احاطہ کیا ہوا ہے اور ہر دل کی کیفیت کو باخوبی جانتا ہے۔
اللہ کی شان بہت بلند ہے، حرم کی طرح پوری دنیا میں چھوٹی بڑی دعایا محفلیں ہوتی رہتی ہیں یا لوگ اکیلے بیٹھ کر بھی رب کی یاد میں گم ہوتے ہیں اور اسے راضی کرنے کی کوشش کرتے ہیں یقینا اللہ دیکھتا ہے سنتا ہے اور ہر آنکھ کا تدارک یا احاطہ کیئے ہوئے ہیں۔
اگر 29 روزے ہوئے تو کل تک سب سے رابطہ بحال ہو گا۔ سب کے لیئے بہت سی دعائیں اور نیک خواہشات، اللہ ہم سب پر اپنا فضل و کرم قائم رکھے، زندگی کا امتحان اور آخرت کا سفر ہم پر آسان کرے اور ہمیں ہمیشہ رہنے والی کامیابی عطا کرے۔ امین